کاروار:22؍مارچ(ایس اؤ نیوز) کروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اترکنڑا ضلع میں 24مارچ سے 30مارچ تک ضلع ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اور ضلع سے متصل کرناٹک ۔ گوا ریاست کی سرحد کو بھی بند کرنے کے لئے اتوار کو ہی آرڈر جاری کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کروناوائرس کے متعلق مسلسل بیداری ہونے کے باوجود بھی کچھ لوگ میٹنگ ، پروگرام اور اجلاس منعقد کر رہے ہیں، ضلع میں بیرونی ممالک سے آنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہاہے، سڑکوں ، مارکیٹون وغیرہ پر عوامی بھیڑ نظر آ رہی ہے، ان سب وجوہات کی بنا پر 24مارچ کی صبح 6بجے سے 30مارچ کی رات 12بجے تک دفعہ 144نافذ کی جائے گی۔ اس مدت میں پانچ سے زائد لوگ کہیں بھی جمع نہیں ہوسکتے ۔ جس پر کڑی نگرانی کئے جانےکا حکم جاری کیا گیاہے۔
اسی طرح ڈی سی نے حکم دیا ہے کہ دھارواڑ ضلع میں ایک شخص کو کروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے، اس بنا پر دھارواڑ ضلع کو جانے اور آنے والوں پر پابندی عائد کرنے کہاہے۔ ضروری کاموں کے سوا کسی اور کو جانے اور آنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے سختی سے نگرانی کرنے کہاگیا ہے۔ جس کے لئے ضلع کے تین تعلقہ جات کی سرحدوں پر جانچ تھانوں کا قیام کرنے پولس محکمہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔